نئی دہلی، 6 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )لال قلعہ میں واقع ایک کنویں میں دھماکہ خیز مواد اور کارتوس برآمد ہونے سے سیکورٹی ایجنسیاں حرکت میں آ گئی ہیں ۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہفتہ کو میموریل کی صفائی کے دوران یہ چیزیں برآمد ہوئیں،اس کے بعد این ایس جی کو مطلع کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ آرکیا لوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی)کی طرف سے لال قلعہ میں واقع کنوئیں کو صاف کئے جانے کے دوران پبلشنگ ہاؤس کے پیچھے واقع ایک کنویں سے کچھ کارتوس اور دھماکہ خیز موادملے ۔افسر نے کہاکہ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد فوری طور پر این ایس جی اور فوج کو مطلع کیا۔این ایس جی کا بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا ، این ایس جی کے حکام کے مطابق ،وہ لال قلعہ سے برآمد کچھ چیزوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ایک افسر نے کہاکہ کنویں سے شام تقریبا پانچ بجے پانچ مارٹر اور 44کارتوس برآمد کئے گئے،ان کے علاوہ 87کارتوسوں کے کھو کھے بھی برآمد کئے گئے ، ایسا لگتا ہے کہ یہ مواد سرکاری ہے، لیکن آگے جانچ جاری ہے۔